نئی دہلی،14اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) سیوان میں صحافی راجدیو رنجن کے قتل کے معاملے میں سی بی آئی نے سپریم کورٹ میں کہا کہ وہ دو ہفتے میں اس معاملے میں تحقیقات مکمل کرکے کورٹ میں چارج شیٹ داخل کرے گی۔ کورٹ میں اب 18 ستمبر کو اس معاملے کی سماعت ہوگی۔ دراصل راجدیو رنجن کی بیوی آشارنجن نے سپریم کورٹ میں عرضی داخل کی ہے۔ اس میں بہار کے دبنگ لیڈر شہاب الدین اور وزیر صحت تیز پرتاپ سنگھ کے خلاف قتل کے ملزمان محمد کیف اور محمد جاوید کی مدد اور پناہ دینے کے معاملے میں ایف آئی آر درج کرکے جانچ کی مانگ کی گئی ہے۔ اس سے پہلے سپریم کورٹ نے شہاب الدین کو بہار کی جیل سے دہلی کی تہاڑ جیل میں ٹرانسفر کر دیا تھا۔راجدیو رنجن کی بیوی کی جانب سے سپریم کورٹ میں عرضی داخل کرکے کہا گیا ہے کہ معاملے کی جانچ سی بی آئی کو اپنے ہاتھ میں لینے کی ہدایت دی جائے، ساتھ ہی انہیں سیکورٹی مہیا کرائی جائے، معاملے کی جانچ پہلے ہی سی بی آئی کو سونپ دی گئی ہے اور دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
درخواست گزار خاتون آشا رنجن کی جانب سے ان کے ایڈووکیٹ کسلے پانڈے نے بتایا کہ اس معاملے میں سپریم کورٹ میں عرضی دائر کی گئی ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ 13 مئی 2016 کو سیوان میں ان کے شوہر راجدیو رنجن کو گولی مار کر قتل کر دیا گیا۔ اس معاملے میں نگر تھانے میں قتل کا کیس درج کیا گیا، عرضی میں کہا گیا ہے کہ شکایت کنندہ خاتون نے معاملے میں شوٹر کے علاوہ شہاب الدین پر بھی الزام لگایا تھا لیکن پولیس نے شہاب الدین کو نامزد نہیں کیا۔